چوہدری پرویزالہٰی

خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے معاشرہ کو ذہنی طور پرمنطقی بنیادوں پر قائل کرنا ہوگا’قائم مقام گورنر پرویزالٰہی

لاہور(عکس آن لائن) قائم مقام گورنر اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی زیرصدارت گورنر ہائوس میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی چوہدری عنایت اللہ لک، سیکرٹری محکمہ سپیشلائیزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے افسران نے شرکت کی۔قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے محکمہ صحت اور محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے کہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ خاندانی منصوبہ بندی کیلئے معاشرہ میں شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خاندانی منصوبہ بندی کیلئے ویلیج کمیٹیاں بنیادی کردار ادا کریں گی۔ قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے مزیدکہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کے ماڈل کو کامیاب بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے معاشرہ کو ذہنی طور پرمنطقی بنیادوں پر قائل کرنا ہوگا۔کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار اس کی آبادی کے تناسب پر ہوتا ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ شہروں کی نسبت دیہاتی علاقوں میں آبادی کے تناسب کی شرح بہت زیادہ ہے۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے دیہاتی خواتین میں بیداری شعور کیلئے ازسرنوانتہائی مؤثر آگاہی مہم کا آغاز کریں گے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ بچے کی پیدائش میں مناسب وقفہ ماں اور بچے کی صحت کی ضمانت ہوتا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب خواتین کیلئے ماں کے دودھ کی اہمیت بارے بھی آگاہی مہم چلا رہا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے شعور کی بیداری کیلئے محکمہ صحت پنجاب کے50ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرزو دیگر عملہ فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے پنجاب اسمبلی کا فورم بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے حتمی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو بھیجی جائیں گی۔صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے کہاکہ پاکستان کواس وقت آبادی کے لحاظ سے بہت زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے۔خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے مزیدکہاکہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر نے صوبہ بھر میں 600نئے فیملی ویلفیئر سینٹرز کا آغاز کیا ہے۔خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے پنجاب اسمبلی میں ڈبیٹ ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں