شیخ رشید

حکومت کہیں نہیں جا رہی اپنی مدت پوری کریں گے، شیخ رشید

بہاولپور(عکس آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت پانچ سال کے لیے آئی ہے اس سے پہلے وہ کہیں نہیں جا رہی اپنی مدت پوری کریں گے۔جمعرات کو بہاولپور ماڈل اسٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہاولپورمیں سب سے تاریخی عمارت ریلوے اسٹیشن کی ہے۔

رواں ماہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا بھی افتتاح کریں گے۔ ہم ریلوے کے نظام کو بہتر بنائیں گے جبکہ ریلوے کے ڈرائیورز کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی بات کی ہے اور رواں ماہ کے آخر میں ایم ایل ون کا ٹینڈر بھی ہو جائے گا۔ ریلوے سے بہت کرپشن ختم کی ہے اور مزید بھی ختم کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کل ہر شخص پریس کانفرنس میں ہی پھنسا ہوا ہے جبکہ حزب اختلاف کو جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔

کوئی کہہ رہا ہے ہم دسمبر میں جا رہے ہیں اور کوئی جنوری کا وقت دے رہا ہے لیکن میں سب کو بتا دوں ہم کہیں نہیں جا رہے کیونکہ ہم 5 سال کے لیے آئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل، اسپتال اور گھر جانے کا پتہ ہوتا ہے کیونکہ وہ ماہر شخصیت ہیں اور ان کا ٹائم ٹیبل سیٹ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اقتدار چھوڑ سکتا ہے لیکن این آر او نہیں دے سکتا۔شیخ رشید نے کہا کہ 31دسمبرسے پہلے جھاڑو پھرے گی۔ یہاں لیڈرز پریس کانفرنس کر رہے ہیں لیکن پکڑے کارکنان جا رہے ہیں۔

شیخ رشید نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے کارکنان کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان خود لندن میں بیٹھے ہیں اور عوام کو سڑکوں پر آنے کا کہہ رہے ہیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے، لوگ عمران خان سے نفرت نہیں کرتے لیکن مہنگائی پر ان سے گلہ ضرور کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں