سرداردوست محمد مزاری

حکومت کا مقصدعوام کی خدمت اوران کےمسائل کا ترجیحی بنیاد پرحل ہے، دوست محمد مزاری

لاہور(عکس آن لائن) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کا مقصد اور محورعوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیاد پرحل ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے اورکرپشن سمیت دیگر مسائل کا جڑ سے خاتمہ ہو رہا ہے۔ ہماری جماعت نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پی ٹی آئی کی حکومت سے زیادہ عوام دوست، ترقی پسند اور دیانتدار و مخلص کوئی حکومت نہیں آئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبرمیں آئے سائلینِ علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی سپیکر نے راجن پور سے آئے لوگو ں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی مسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے مسائل کو عملی طور پر حل کر کے ثابت کر دیا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پرمکمل کی جا ری ہیں۔

موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اشیائے روزمرہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی اور انہیں کڑی سے کڑی سزائیں دلوانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ذخیرہ اندوزی مضبوط معیشت کی دشمن اور عوام کی حق تلفی ہے جس کی اجازت حکومت کسی قیمت پر نہیں دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے نتائج کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے لیکن عوام صبر کا دامن ہاتھ سے مت چھوڑیں، مشکل وقت ہے ناممکن نہیں۔عنقریب اچھے دن آنے والے ہیں اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں