محمد حسین محنتی

حکومت وبائی بیماریوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے،محمد حسین محنتی

کراچی(نمائندہ عکس)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ملک میں سرمایہ دارانہ وجاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، ہم دوسری جماعتوں کے برعکس لوگوں کی دنیا کے ساتھ آخرت میں بھی فلاح وکامیابی چاہتے ہیں، حکومت بارش وسیلاب متاثرین کی مدد کیلئے تسلی بخش اقدامات تو نہ کرسکی مگر مہنگائی کو کنٹرول اور سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی بیماریوں کے خاتمے کیلئے تو اقدامات کرے۔

الخدمت وجماعت اسلامی کے رضاکار اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کیلئے مصروف عمل ہیں یہ خدمت ہم کسی پر احسان نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اپنا اخلاقی ودینی فرض اور رب کی رضا کیلئے کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گولی مار کندھ کوٹ کے جامعہ انصار میں سیلاب متاثرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر نے متاثرین کیلئے قائم کچن کا دورہ اور امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ صوبائی نائب امیرحافظ نصراللہ چنا، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، ضلعی امیر آغا عبدالفتاح پٹھان اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، بعدا زاں امیر صوبہ نے الخدمت اور جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب اور اب تک ہونے والی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں