مراد علی شاہ

حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ معاہدہ کر کے غلط کیا، مراد علی شاہ

اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ معاہدہ کر کے غلط کیا،ہم سب کے دلوں میں رسول اکرم ۖکی عزت اور جذبات ہیں، ناموس رسالت ۖ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، سندھ میں پرامن طریقے سے جو احتجاج کرنا چاہتا ہے اسے نہیں روکیں گے، اگر امن و امان کی صورتحال پیدا ہوئی تو حفاظتی اقدامات کریں گے،

پاکستان پیپلز پارٹی والے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، ڈیل کی بات درست نہیں، خورشید شاہ ایک عرصہ سے جیل میں ہیں،سندھ میں کورونا کیسز پھیل رہے ہیں، لگتا ہے وفاق ایکشن نہیں لے گا اور ہمیں ہی اس وبا سے نکالنے کا راستہ نکالنا ہو گا۔ پیر کو عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سب کے دلوں میں رسول اکرم ۖکی عزت اور جذبات ہیں، ناموس رسالت ۖ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، گزشتہ روز لاہور میں جو کچھ ہوا اس کے رد عمل میں ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا، ہم نے سندھ میں مذہبی جماعتوں سے رابطے بھی کیے ہیں، ہمارے کسی بھی عمل سے دوسروں کو مشکلات نہیں ہونی چاہئیں، سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کوئی شخص اپنی مرضی سے دکان بند کرنا چاہتا ہے تو اسے نہیں روکا جائیگا، پرامن طریقے سے جو احتجاج کرنا چاہتا ہے اسے نہیں روکیں گے، اگر امن و امان کی صورتحال پیدا ہوئی تو حفاظتی اقدامات کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ معاہدہ کر کے غلط کیا، حکومت اب بھی صورتحال پر وقتی قابو پانے کیلئے ان سے معاہدہ کر لے گی اور غلط کرے گی، وقتی فائدہ لینے کے لیے ایسی کوئی چیز نہ کریں جو ممکن نہ ہو اور اس کا بعد میں اس کا نقصان ہو،اس معاملے پر بھی صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی والے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، ڈیل کی بات درست نہیں، خورشید شاہ ایک عرصہ سے جیل میں ہیں، ایک کامیاب منصوبہ جو کراچی کے لوگوں کو بجلی فراہم کر رہا ہے اس پر ریفرنس بنایا گیا، 68 والیمز پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں لایا گیا ہے، 17،17ملزمان بنائے ہوئے ہیں تو کیس لمبا چلتا ہے، اتنے کا تو پاور پلانٹ نہیں تھا، جو منصوبہ بنایا تھا وہ ابھی بھی چل رہا ہے، منصوبے سے کراچی کے لیے 100 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، نیب کی انکوائری کی وجہ سے ہمیں پیسے نہیں مل رہے۔

کورونا کی صورت حال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ این سی او سی کی گزشتہ میٹنگ میں انہوں نے کراچی سے شرکت کی تھی، ٹرانسپورٹ بند کرنے کی ان کی تجویز نہیں مانی گئی تھی، ٹرانسپورٹ2 دن کے لیے بند کرتے تو بیماری کا پھیلاؤ رک جاتا،صوبائی محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا کیسز پھیل رہے ہیں، لگتا ہے وفاق ایکشن نہیں لے گا اور ہمیں ہی اس وبا سے نکالنے کا راستہ نکالنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں