عبدالرزاق دائود

حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے،عبدالرزاق دائود

کراچی (عکس آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے کامر س عبدالرزاق دائود نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی احکامات ہیں کہ تجاورت وصنعت اوربرآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کوفوری دورکرکے ہرممکن وسائل مہیا کئے جائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اسلام آباد میںیونائیٹڈ بزنس گروپ ( یو بی جی) کے صدرزبیرطفیل کی قیادت میں ملنے والے تجارتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں یو بی جی کے سیکریٹری جنرل ،ظفربختاوری، ایف پی سی سی آئی کے انتخابات 2021 میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار خالد تواب،سہیل الطاف اورایف پی سی سی آئی کے نائب صدرعارف یوسف جیوا بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے کامر س عبدالرزاق دائود نے وفد کو بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اگرچہ معیشت مشکلات میں ہے لیکن وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے مثبت اورکامیاب کوششیں جاری ہیں ،اس وقت ملکی برآمدات میں تیزی آرہی ہے،زرمبادلہ کے ذخائر بھی گزشتہ دور حکومت کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ خالدتواب کی جانب سے 30دسمبر2020کو ایف پی سی سی آئی الیکشن میں ہونے والی دھاندلیوں کے ثبوت پیش کرنے پر عبدالرزاق دائود کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وہ مکمل جائزہ لیں گے اورڈی جی ٹی اوسے معلومات حاصل کریں گے،خالدتواب کوانصاف ضرور ملے گا۔

قبل ازیں یو بی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس نے معاشی تباہی مچادی ہے لیکن حکومت کی کوششوں کی بدولت پاکستان میں کورونا وائرس پر قابوپانے کے موثر اقدامات قابل تحسین ہیں۔ فیڈریشن چیمبرآف کامرس کے انتخابات 2021 میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار خالد تواب نے دسمبر2020میں ایف پی سی سی آئی میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلیوں اورسندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ڈی جی ٹی او کو فوری طور پر درست فیصلے کا اعلان کرنے کی ہدایت کے باوجودانہیں(خالدتواب)کو ڈی جی ٹی اوکی جانب سے کامیاب قرارنہ دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں