جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں پھیپھڑوں کی سکریننگ وعلاج کیلئے ایک کروڑ روپے کی دو مشینیں عطیہ

لاہور(عکس آن لائن)لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ کی اعلی کارکردگی، مریض دوست پالیسی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے نتیجے میں یہ ہسپتال مخیر حضرات کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور پروفیسر ڈاکٹر خالد وحید کی ذاتی دلچسپی کی بدولت پھیپھڑوں کی سکریننگ، علاج معالجے اور ٹیسٹوں کیلئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دو مشینیں (ویڈیو پلور و سکوپ، ویڈیو برونکو سکوپ)عطیہ کی گئیں ہیں صاحب ثروت شخصیات کی جانب سے دی جانے والی ان مشینوں کو شعبہ امراض سینہ و سلیپ میڈیسن میں نصب کر دیا گیاہے جہاں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ پلمونالوجی میں جدید مشینوں کی تنصیب کسی انقلاب سے کم نہیں مذکورہ مشینوں کے ذریعہ پھیپھڑوں کے امراض کی کیمرہ سے تشخیص کی جائے گی،یہ جدید سہولیات سانس کی بیماریوں میں مبتلا غریب و نادار مریضوں کی جان بچانے کیلئے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی اس موقع پر پروفیسر محمد معین، پروفیسر خالد وحید،پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر محمد حنیف،ڈاکٹر عبدالعزیز، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر جاوید اصغر مگسی، ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر عبدالعزیزسمیت ینگ ڈاکٹرز اور نرسز بھی موجود تھیں جبکہ بعض مریضوں اور اُن کے تیمارداروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال کو ایک کروڑ روپے کی مشینری و طبی آلات عطیہ کرنے والے انسانیت کی عظیم خدمت کر رہے ہیں جو نہ صرف ان کی نیک نامی کا باعث ہے بلکہ ان کی آخرت کیلئے بہت بڑے اجر کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رواں برس 2021کے دوران جنرل ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کی بر وقت خدمت ہمارا نصب العین ہو گاجس کے لئے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔

اس موقع پر شعبہ پلمونالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر خالد وحید نے بتایا کہ ایل جی ایچ میں پہلی دفعہ پھیپھڑوں کی جھلی کا بذریعہ ویڈیوکیمرہ معائنہ ہو سکے گا،ان بیماریوں کی تشخیص کیلئے نجی شعبے میں ٹیسٹ بہت مہنگے ہیں تاہم جنرل ہسپتال میں ضرورت مند وں کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی جو پھیپھڑوں کی بہت سی بیماریوں کی تشخیص اور غریب مریضوں کے علاج میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی جنرل ہسپتال میں مخیر حضرات کا تعاون جاری رہے گا جس سے ضرورت مند مریضوں کو جدید طبی سہولتیں حاصل ہوسکیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں