پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال میں غیر ملکی ڈاکٹرز کی تربیت کسی اعزاز سے کم نہیں’ پروفیسر الفرید ظفر

لاہور (عکس آن لائن )آذر بائیجان (باکو) سے انٹرنیشنل آفتھامالوجی کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والی تین خواتین ڈاکٹرز لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ امراض چشم یونٹ ٹو میں پروفیسر حسین احمد خاقان کی نگرانی میں میڈیکل ٹریننگ حاصل کر رہی ہیں، جنہوں نے پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر سے ملاقات کی اور طبی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پروفیسر الفرید ظفر نے آذر بائیجان کی خواتین ڈاکٹرز کو اپنے دفتر میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کرنا ایل جی ایچ کیلئے بڑے اعزاز سے کم نہیں جبکہ اس تربیتی سیشن کے دوران پی جی ایم آئی کے ڈاکٹرز کو بھی غیر ملکی معالجین کی تعلیم و تحقیق کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور دونوں ممالک کے طبی ماہرین کے مابین پیشہ وارانہ رابطے استوار ہوں گے جو میڈیکل کے شعبے کی مزید ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے ۔

اس موقع پرپروفیسر حسین احمد خاقان نے بتایا کہ آذر بائیجان سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ایان کہنووا،ڈاکٹر ایان گلبنوراور ڈاکٹر پاکیزہ پیرا مووا نے صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ آفتھامالوجی انٹرنیشنل کانفرنس میں بھی شرکت کی جس سے اس بین الاقوامی کانفرنس میں مختلف ممالک کے ماہرین امراض چشم کوباہمی تبادلہ خیال اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع میسر آئے جس کی روشنی میں مذکورہ خواتین ڈاکٹرز نے ایل جی ایچ میں آبزرور شپ کے تحت ایک ہفتہ کی تربیت حاصل کرنے اور ہسپتال کے آئی یونٹ کا مشاہدہ کرنے اور ڈاکٹرز کی ورکنگ کے بارے میں جاننے میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ ان غیر ملکی ڈاکٹرز کی تربیت 18دسمبر کو مکمل ہو جائے گی۔

غیر ملکی ڈاکٹرز نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر سے ایل جی ایچ ،پی جی ایم آئی کے ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ لگن ، قابلیت اور مریضوں کے علاج میں دلچسپی کو سراہا اوراس امر کی تعریف کی کہ شعبہ امراض چشم میں جدید سہولیات اور ماڈرن ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے اور یہاں کام کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز بھی سہولیات سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے مریض بھی مطمئن دکھائی دیے ۔ اس موقع پر ان غیر ملکی ڈاکٹرز نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کو پھولوں کے تحائف پیش کیے اور اُن کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں