بلاول بھٹو زرداری

جمہوریت اور آئین وقانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت،

آئین و قانون کی حکمرانی، غربت کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے بطور سیاسی رہنما اور منتخب وزیر اعظم، پاکستان کی سیاست، معیشت اور معاشرے پر مثبت و گہرے نقوش چھوڑے،

آئین کی اصل شکل میں بحالی، پارلیمان کو اختیارات کی منتقلی، صوبائی خودمختاری اور این ایف سی بے نظیر بھٹو کی جدوجہد کا ثمر ہے۔

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت، خواتین اور اقلیتوں سمیت پسماندہ طبقات کو ہر فورم پر نمائندگی بھی ان ہی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

غربت کے خاتمے اور عوام کی ترقی و بہبود کے منصوبے اور دہشت گردی و انتہاپسندی کی بیخ کنی بھی ان ہی کی کاوشوں کے پھل ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد سمیت 2 بھائیوں کی قربانیوں کے باوجود عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھی،

انہوں نے اپنے دور کے دو ظالم و جابر آمروں کو پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے انہیں ہمیشہ کے لیے سیاسی زوال کی قبروں میں دفن کیا۔

وہ قوتیں جو کل ا س نہتی لڑکی سے ڈرتے تھے، آج اس کے نام سے لرزتے ہیں، یہی وہ زوال پذیر سوچ ہے جو آئے روز بے نظیر بھٹو کا نام اداروں اور عمارتوں سے ہٹانے میں لگے ہوتے ہیں

لیکن وہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح بے نظیر بھٹو کو بھی 22 کروڑ عوام اور ان کی آئندہ نسلوں کے دلوں سے کبھی مٹا نہ سکیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیرمعمولی مشکل حالات اور چیلنجز ہی قیادت کی کسوٹی ہوتے ہیں،

کورونا وائرس اور ٹڈی دل سمیت ملک کو درپیش چیلنجز کے دوران آج ہر پاکستانی بے نظیر بھٹو کی مدبرانہ قیادت کی کمی کو شدت سے محسوس کر رہا ہے،

پیپلز پارٹی اپنی شہید چیئرپرسن کے مشن پر سختی سے کاربند رہے گی،

پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین و قانون کی حکمرانی، غربت کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں