شارع عام

جامکے چٹھہ:شیرا کوٹ میں با اثر افراد کی شارع عام پر ناجائز قبضے کی کوششوں کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ

جامکے چٹھہ(نمائندہ عکس آن لائن)تھانہ صدر کے علاقہ شیرا کوٹ میں با اثر افراد کی شارع عام پر ناجائز قبضے کی کوششوں کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے حلقہ پی پی 51سے برسراقتدار جماعت کے امیدوار چوہدری محمد یوسف پر مبینہ قبضہ گروپ کی پشت پناہی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور دیگر ارباب اختیار سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ وزیرآباد کے نواحی علاقہ شیرا کوٹ کے رہائشیوں بزرگ شہری عبد الحمید باجوہ اور دیگر نے شارع عام پر ناجائز قبضہ کی کوششوں کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اکرم پہلوان، محمد سعید اورڈاکٹر محمد یوسف وغیرہ با اثر افراد کی ملی بھگت سے لوگوں سے رستے کا حق چھیننا چاہتے ہیں اور عوامی گزرگاہ کو اپنے پلاٹوں میں غیر قانونی طور پر شامل کرنے کی غرض سے یہاں تعمیرات کرنا چاہتے ہیں ۔ عدالت سے حکم امتناعی کے باوجود ملزمان نے یہاں غیر قانونی تعمیرات کرنے کی کوشش کی ہے ۔

مظاہرین نے بتایا کہ ناجائز قبضے کی کوششیں کرنے والے ملزمان کی مقامی سیاسی شخصیات بالخصوص حلقہ پی پی51سے ضمنی انتخاب کیلئے برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری محمد یوسف پشت پناہی کررہے ہیں ۔ متاثرہ شہریوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے سے قبل ہی جو امیدوار ناجائز معاملات میں ملوث ہوں گے وہ جیتنے کے بعد کیا کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی مداخلت پر پولیس نے ناجائز قبضہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی بجائے الٹا قبضہ گروپ کی شکایات کرنے والوں کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے علاوہ انہیں مزید مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ متاثرہ شہریوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان،آئی جی پنجاب سے معاملہ کا فوری نوٹس لینے اور قبضہ گروپ اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ امیدوار پی پی 51 چوہدری یوسف اور محمد اکرم پہلوان نے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس معاملہ سے کوئی تعلق نہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں