کمادکی کاشت

بہاریہ کماد کی کاشت کیلئے بیج کے انتخاب بارے محکمہ زراعت کی ہدایات جاری

لاہور(عکس آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب نے بہاریہ کماد کی کاشت کیلئے بیج کے انتخاب بارے کاشتکاروں کو ہدایات جاری کر دیں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار بہاریہ کماد کی کاشت کیلئے بیج کا انتخاب کرتے وقت احتیاط سے کام لیں۔کاشتکار کماد کی بوائی کیلئے ایسے کھیتوں سے بیج کا انتخاب کریں جو مکمل صحتمند ہو، کورے سے متاثرہ اوررتہ روگ یاکسی بھی اوربیماری سے بیج بالکل پاک ہونا چاہیے۔سوموار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بیج کاٹنے سے پہلے گنے کی آنکھوں کا اچھی طرح معائنہ کر لیں۔بیج کیلئے کاٹے گئے ٹکڑوں پر کم از کم دو یا تین آنکھیں موجود ہونی چاہیں۔گنے کی آنکھوں کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے درانتی یا پلچھی کا استعمال نہ کریں اور گنے کی کھوری اپنے ہاتھوں سے اتاریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بیج کیلئے لیری فصل(یک سالہ)سے انتخاب کریں،حتی الوسع مونڈھی فصل سے بیج کا انتخاب نہ کریں۔بیج کیلئے گنے کے اوپر والا حصہ استعمال کرنا چاہیے۔بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں دیر نہیں کرنی چاہیے اگر کسی وجہ سے دیر ہو جائے تو بیج کو کھوری سے ڈھانپ کر رکھیں اور وقفے وقفے سے پانی چھڑکتے رہیں تاکہ گنے خشک نہ ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ بیج کو پھپھوندی کش زہروں کے محلول میں 3 سے5 منٹ تک بھگو کر کاشت کریں۔بروقت کاشت اور دیگر موزوں حالات میں فی ایکڑ2 آنکھوں والے30 ہزار سمے یا3 آنکھوں والے20 ہزار سمے ڈالنے چاہیں۔یہ تعداد گنے کی موٹائی کے لحاظ سے100 تا120 من بیج سے حاصل کی جاسکتی ہے۔اگر کاشت میں تاخیر ہو جائے تو محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے بیج کی تعداد10 تا15 فیصد بڑھائی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں