کسانوں کا احتجاج

بھارت، کسانوں کا احتجاج، کینڈین وزیر اعظم اور مودی سرکار مابین تلخ جملوں کا تبادلہ

نئی دہلی(عکس آن لائن)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بھارت میں جاری کسانوں کے شدید احتجاج کی حمایت میں دیے گئے بیان کے بعد بھارت کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا میں موجود پنجاب کے باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں کسانوں کے احتجاج کے حوالے سے آنے والی خبروں کی بات نہ کروں تو میں پوری بات نہیں کرپاﺅں گا۔

انہوں نے کہا کہ حالات خراب ہیں، ہم سب ان دوستوں اور ان کے خاندانوں کے لیے پریشان ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ آپ میں سے زیادہ تر کے لیے یہ حقیقت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا ہمیشہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے حقوق کے دفاع کے لیے کھڑا ہے، ہم مذاکرات کے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔کینیڈا کے وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم نے اپنے تحفظات مختلف طریقوں سے بھارتی حکام تک پہنچائے ہیں، یہ وقت ہم سب کو متحد ہو کر چلنے کا ہے۔رپورٹ کے مطابق جسٹن ٹروڈو بھارت میں کسانوں کے احتجاج پر آواز بلند کرنے والے پہلے عالمی رہنما ہیں۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم کا نام لیے بغیر کہا کہ کینیڈا کے رہنما کا بیان ناقص معلومات اور غیر ضروری ہے۔

بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت میں کسانوں سے متعلق کینیڈا کے رہنما کی ناقص معلومات پر مبنی بیان دیکھا ہے، اس طرح کے بیانات غیر ضروری ہیں اور خاص کر جب یہ کسی جمہوری ملک کے اندرونی معاملات سے متعلق ہوں۔انہوں نے کہا کہ سفارتی گفتگو کو سیاسی مقاصد کے لیے سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان نہ کرنا بہتر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں