ندا ڈار

بگ بیش لیگ کھیلنے میں مصروف ندا ڈارکو پی سی بی نے واپس بلالیا

سڈنی(عکس آن لائن) پاکستان کی خاتون کرکٹر ندا ڈار نے آسٹریلوی ویمنز بگ بیش ٹی 20لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی مزید نمائندگی کرنے کے بجائے وطن واپسی کے لیے رخت سفر باندھ لیا ۔آسٹریلوی ویمنز بگ بیش ٹی 20لیگ میں سڈنی تھنڈرز فرنچائز کے لیے سب زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی ٹاپ بولرز کے ریکارڈ میں شراکت دار پاکستانی اسٹار ندا ڈار کو پی سی بی نے آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف شیڈول ٹی ٹو 20سیریز کی تیاری کے لیے واپس بلا لیا ہے۔

جس پر انہوں نے سڈنی تھنڈرز کی مزید نمائندگی کرنے کے بجائے وطن واپسی کیلیے رخت سفر باندھ لیا ہے۔بورڈ کی جانب سے ندا ڈار کو بگ بیش کے پورے ایونٹ میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی لیکن قومی ذمہ داریوں کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کر دیا گیا۔ندا ڈار نے اپنے اس تجربے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کارکردگی میں نکھار لانے کا سنہری موقع ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا، امید ہے کہ پی سی بی مستقبل میں دیگر کرکٹرز کو بھی انٹرنیشنل لیگز میں شرکت کی اجازت دے گا۔دوسری جانب سڈنی تھنڈرز نے بھی ٹیم کے لیے ندا ڈار کی خدمات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی انہیں منتخب کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں