راجہ پرویز اشرف

بصارت سے محروم افراد کے حقوق کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آبا د(عکس آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کے حقوق کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تعلیم اور روز گار کے یکساں مواقعوں کی فراہمی سے بصارت سے محروم افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنایا جا سکتا ہے،بصارت سے محروم افراد ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ سفید چھڑی اس بات کی علامت ہے کہ بصارت سے محروم افراد کسی کے محتاج نہیں،بصارت سے محروم افراد کی محرومی انہیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ سپیکر نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد زندگی کے ہر شعبے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،پاکستان کی قومی اسمبلی نے خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قانون سازی کی ہے،

سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی طور پر اہل افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے،پارلیمان کی ویب سائٹ پر آئین پاکستان بریل رسم الخط میں موجود ہے۔ سپیکر نے کہا کہ ہمیں بصارت سے محروم افراد کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے،بصارت سے محروم افراد کو ملک کا کار آمد شہری بنانے میں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں