حماس

ا سرائیل سے دوستی کرنے والے ملک فیصلوں پر نظر ثانی کریں،حماس

غزہ (عکس آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ حماس سیاسی اور مزاحمتی میدان میں ایک ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے 33 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری تفصیلی پیغام میں کہا کہ حماس حقیقی معنوں میں فلسطینی قوتوں کے درمیان مصالحت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ایک مضبوط اور حقیقی سیاسی، قومی اور مزاحمتی میدان میں شراکت کو یقینی بنایا جاسکے۔اسماعیل ھنیہ کا مزید کہنا تھا کہ حماس نے قومی مصالحت کے لیے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ سیاسی شراکت کے ساتھ ساتھ تنظیم آزادی فلسطین کے تمام اداروں کو ازسر نو تشکیل دینے اور مزاحمت کے میدان میں ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2020 بڑی بڑی تبدیلیوں کا سال ہے اور رواں سال رونما ہونے والی علاقائی اور عالمی تبدیلیوں نے قضیہ فلسطین پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔انہوںنے کہا کہ حماس غزہ کی پٹی میں تعمیر اور طاقت کے حصول کی تزویراتی حکمت عملی پرعمل جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حماس قوم کے تمام نمائندہ گروپوں اور طاقتوں کے ساتھ مزاحمت کی بیداری اور غرب اردن میں اس کی روح کو زندہ کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ حماس نے وطن کی آزادی کی طویل جدو جہد کی ہے۔ حماس کا عسکری ونگ عزالدین القسام شہید کے نقش قدم پر کام جاری رکھے گا۔اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ملکوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ھنیہ نے کہا کہ ہم خطے میں ہونے والی ہر تبدیلی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینی قوم کا کوئی ایک طبقہ خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔انہوںنے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے عرب ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے معاملے کو مسترد کردیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں