امریکی

ایران نواز یمنی حوثی مآرب میں جنگی کارروائی فورا روک دیں، امریکی وزیرخارجہ

واشنگٹن (عکس آن لائن )امریکا کے وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت یمن میں جاری جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور وہ اس کے لیے پرعزم ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ یمن کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی ٹِم لنڈرکنگ کے خطے کے دورے کے بعد اقوام متحدہ کے زیراہتمام امدادی کانفرنس میں گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں پر زوردیا کہ وہ بھی اس کا مثبت جواب دیں۔انھوں نے لنڈرکنگ کی سعودی اور یمنی قیادت سے بات چیت کے حوالے سے بتایا کہ یہ دونوں فریق یمن میں جاری بحران کا کوئی حل چاہتے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحدپار حملوں اورجارحانہ جنگی کارروائیوں کو روک دے کیونکہ اس سے جنگ طول پکڑے گی۔

انھوں نے کہاکہ پہلا ضروری قدم یہ ہے کہ حوثی مآرب میں جارحانہ کارروائی روک دیں۔اس شہر میں پہلے ہی دس لاکھ سے زیادہ دربدر افراد رہ رہے ہیں۔حوثی سعودیوں اور یمنی حکومت کے ساتھ مل کر امن کی جانب پیش قدمی کریں۔ انٹونی بلینکن نے ڈونر کانفرنس میں کہا کہ صرف امداد سے تنازع ختم نہیں ہوگا۔ہم یمن میں جنگ کے خاتمے ہی سے انسانی بحران کو ختم کرسکتے ہیں۔اس لیے امریکا جنگ ختم کرانے کے لیے ازسرنو اپنی سفارتی کوششیں کررہا ہے۔مآرب میں یمن کی قانونی حکومت کا کنٹرول ہے اور یہاں ملک کے دوسرے علاقوں سے گذشتہ چھے سال کے دوران میں بے گھر ہونے والے افراد عارضی خیموں میں رہ رہے ہیں۔اب اس شہر پر قبضے کے لیے حوثیوں کی جارحانہ کارروائی سے ان لاکھوں بے گھر یمنیوں کی زندگیاں دا پر لگ گئی ہیں اوروہاں ایک بڑا انسانی المیہ رونما ہونے کا خطرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں