شاہ محمود قریشی

اپوزیشن کے پاس 12 سے 14 لوگ موجود ہیں تو عدم اعتماد میں تاخیر کیوں؟، شاہ محمود قریشی

حیدرآباد(نمائندہ عکس ) وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کو آفرز کررہی ہے، بولی لگارہی ہے اور ٹکٹوں کے و عدے کررہی ہے، مگر ہمارے ممبران بےیقینی کیفیت کیلئے وفاداری تبدیل نہیں کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حقوق مارچ کے تحت کراچی روانگی سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 12 سے 14 لوگ موجود ہیں تو عدم اعتماد میں تاخیر کیوں؟۔

وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ تاخیر اس بات کی نشانی ہے کہ بندے انکے پاس نہیں، اپوزیشن ممبران اسمبلی کو آفرز کررہی ہے، معزز اراکین کی بولی لگائی جارہی ہیں اور وہ ٹکٹوں کے و عدے کررہی ہے، مگر ہمارے ممبران عزت دار اور باوقار لوگ ہیں، یقین ہے کہ ہمارے ممبران بےیقینی کیفیت کیلئے وفاداری تبدیل نہیں کرینگے۔ شاہ محمود قریشی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرینگے، ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ سے متعلق کہا کہ میرا نہیں خیال کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت ہے، پنجاب میں پیپلزپارٹی سروے میں بہت پیچھے ہے، سروے میں پی پی کو 5 فیصد لوگوں نےووٹ دینےکا عندیہ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول کے اندازے غلط ہیں ، انہیں وقت لگے گا، ابھی بلاول کی ناسمجھی بھی ہے اور کم عمری بھی، ہم اپنے اصولوں پر قائم ہیں، عدم اعتماد آتی ہےتوقانونی و آئینی طریقے سے مقابلہ کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں