اوورسیز پاکستانیوں

اوورسیز پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز ،شہبازشریف کا اوورسیز کیلئے نیا فارمولا پیش

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دیدی اور کہاہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے ،قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص کرنی چاہئیں ،ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں۔ اپنے بیان میں شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دیدی ۔ انہوںنے کہاکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے ،قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص کرنی چاہئیں ،ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے ،اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لئے نشستیں مختص کی گئی ہیں ، انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں ۔ انہوںنے کہاکہ بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں ،بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ،ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمایہ کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ان کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں، پاکستان آنے جانے کے دوران ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ان مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے، آئندہ بھی جاری رکھیں گے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیزپاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دورِ حکومت میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں،صوبہ پنجاب میں اوورسیزکمیشن قائم کیا گیا جس کے ذریعے 36 اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا،ان اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مدد کو یقینی بنانا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اوررسیز کمیونٹی کو ایوانِ اقتدار میں حقِ نمائندگی دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم بیرونِ ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں