امریکی صدر

امریکی صدرکافلسطینی مہاجرین کی ایجنسی انرواکے لیے امریکا کی امداد بحالی کا اعلان

واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکا کی بائیڈن انتظامیہ نے فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اور ورکس ایجنسی (انروا)کی مالی امداد بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ واشنگٹن نے فلسطینی عوام کی اقتصادی ترقی اور انسانی امداد کے لیے منصوبہ تیار کرلیا ہے۔انہوں نے بیان میں وضاحت کی کہ امریکا کی جانب سے انروا کی انسانی امداد کے ضمن میں 15 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے،ساڑھے سات کروڑ ڈالر غرب اردن اور غزہ میں ترقیاتی کاموں اور امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں اور امریکا کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)کی جانب سے ایک کروڑ ڈالر امن پروگراموں کے لیے مہیا کیے جائیں گے۔

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ فلسطینیوں کے لیے اہم سکیورٹی امدادی پروگراموں کو بحال کردے گی۔اسرائیل اور ری پبلکن پارٹی کے اعلی عہدے داروں نے فلسطینیوں کی مالی امداد بحال کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کی ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ فلسطینی عوام کا تحفظ بھی چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فلسطینی سکیورٹی فورسز کی معاونت سے غربِ اردن میں قانون کی حکمرانی کے فروغ میں مدد ملے گی اور سکیورٹی اداروں کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی جانب سے انروا کو مہیا کی جانے والی تمام مالی امداد بند کردی تھی۔بائیڈن انتظامیہ نے ان کے دیگر بہت سے فیصلوں کی طرح اس اقدام کو کالعدم کردیا ہے اور فلسطینیوں کی مالی امداد بحال کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں