افغان صدر

امریکی امداد میں کمی سے ملک کے اہم شعبے اور محکمے متاثر نہیں ہوں گے، افغان صدر

کابل (عکس آن لائن) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایک بلین ڈالر تک اقتصادی امداد میں کمی سے ملک کے اہم شعبے اور محکمے متاثر نہیں ہوں گے۔

افغان صدر اشرف غنی نے گزشتہ روز ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ سمجھدار حکومتیں ہمیشہ غیر متوقع حالات کے لیے تیار رہتی ہیں اور منصوبہ بندی کرتی ہیں لہذا ہم نے بھی بنیادی منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکی امداد میں کمی ہمارے محکموں اور شعبوں پر براہ راست اثرانداز نہیں ہو گی اور ہم متبادل ذرائع سے اس خلاء کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

افغان صدر نے طالبان پر زور دیا کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث جنگ بندی پر اتفاق کریں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پیر کو افغانستان کا دورہ کیا اور افغان حکومت کی جانب سے جامع حکومت کی تشکیل میں ناکام ہونے پر رواں سال ایک بلین ڈالر امداد میں کمی کرنے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں