امریکا اور طالبان

امریکہ اور طالبان میں جنگ بندی، امریکی دستوں کی واپسی کی راہ ہموارہونے کی امید

میونخ(عکس آن لائن)امریکہ اور طالبان میں ایک ہفتہ تک تشدد کم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے جس سے امریکہ کی جانب سے افغانستان سے اپنے فوجی دستے نکالنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔جمعہ کے روزایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ طالبان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ امریکی فوجی دستوں میں کمی طالبان کی جانب سے اجلاس میں کئے گئے وعدے پورے کرنے سے مشروط ہوگی۔

یہ معاہدہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں طویل مذاکرات کے بعد ہوا جبکہ اس کا اعلان امریکہ کے ریاستی سیکرٹری مائیک پومپیو، سیکرٹری دفاع مارک ایسپر اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کی میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کے بعد کیا گیا۔امریکی انتظامیہ کے عہدیدار نے کہاکہ تشدد کم کرنے کا معاہدہ بہت مخصوص ہے جس کا اطلاق افغان حکومت کی افواج سمیت پورے ملک پر ہوگا۔جنگ بندی امریکہ کی 18سال سے افغانستان میں موجودگی ختم کرنے کی کوششوں میں اہم سنگ میل ہے، اس سے امریکی دستوں کو نکالنے کیلئے رواں ماہ کے آخر تک معاہدہ ہونے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق امن کا معاہدہ ملک گیرجنگ بندی، افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات، طالبان کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کو مسلح نہ کرنے اور امریکی دستوں کی واپسی کیلئے وقت دینے پر زور دے گا۔امریکی عہدیدار نے میونخ میں رپورٹرز کو بتایا کہ اگر طالبان نے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنایا تو ہم معاہدے کوآگے لے کر بڑھیں گے۔عہدیدار نے کہاکہ 7 دن کا وقت ابھی شروع نہیں ہوا تاہم اس کا جلد اطلاق شروع ہوجائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں