امرود

امرود کے باغبان و کاشتکار نئے پودے لگانے کا عمل 15اپریل تک مکمل کر لیں،محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے امرود کے باغبانوں و کاشتکاروں کو نئے پودے لگانے کا عمل 15اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ باغبان و کاشتکار نئے پودے لگانے کا عمل بروقت مکمل کرلیں۔محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ امرود ایک ایسا پھل ہے جس کا پودا ہر قسم کی زمین میں لگایاجاسکتاہے تاہم اچھی پیداوار کیلئے اگر ذرخیز میرازمین دستیاب ہو تو اس کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ باغبان امرود کا پودا لگانے کیلئے زمین کو اچھی طرح تیارکر لیں اور گوبر کی گلی سڑی کھاد کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ ویسے تو امرود کی درجنوں اقسام زیر کاشت ہیں تاہم لاڑکانہ صراحی، سرخا، شرق پوری گولہ اور سدا بہار اپنے ذائقے، لذت اور خوبصورتی میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امرود جہاں کھانے میں انتہائی لذیز ہے وہیں یہ بہت سے جسمانی امراض میں بھی انتہائی مثر ثابت ہواہے۔

انہوں نے کہاکہ امرود میں شامل آئرن اور وٹامن کی وافر مقدار نزلہ، زکام، کھانسی، وائرل انفیکشن سے نجات دلاتی ہے اسی طرح امرود کا استعمال انسان کو ایگزیما سمیت دیگر جلدی امراض اور کاسمیٹکس کے استعمال سے پہنچنے والے جلدی نقصان سے بھی بچاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ امرود میں موجود حیاتین، پوٹاشیم جسم کے اندر موجود زہریلے و فاسد مادوں کو بآسانی خارج کرنے میں مدد دیتاہے نیز امرود کا استعمال بڑھاپے کی جھریوں، مسوڑھوں کی سوزش، دانتوں سے خون کی آمد بند کرنے سمیت آنکھوں کی بیماری موتیاسے بھی بچا میں معاون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزید تفصیلات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں