اداکارہ میرا

اداکارہ میرا تکذیب نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور (عکس آن لائن) لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کا دعوی خارج کرنے کے خلاف اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج مظہرعباس نے16صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اداکارہ میرامخالف فریق عتیق الرحمان سے نکاح نامہ جھوٹا، جعلی قرار دینے میں ناکام رہی ہیں۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اداکارہ میرا فیملی عدالت میں تکذیب نکاح کا دعوی بھی ثابت نہیں کر سکیں۔فیصلے کے مطابق میرا اور عتیق الرحمان میں جھگڑے اس انتہا تک پہنچ گئے کہ میرا نے بطور بیوی عتیق الرحمان کیساتھ رہنے سے انکار کر دیا۔میرانے شوہر عتیق الرحمان کیساتھ نہ رہنے کیلئے فوجداری، دیوانی مقدمات بھی کیے۔عدالتی فیصلے کے مطابق اداکارہ میرا نے2ستمبر2007کو عتیق الرحمان سے نکاح کیا تھا۔میرا نے ایسا گواہ پیش نہیں کیا جو نکاح نامے پر دستخط جعلی ہونے کی گواہی دے،

اداکارہ میرا نے نکاح نامہ پر دستخطوں کے موازنے کی بھی درخواست دائر نہیں کی، میرا اپنے انگوٹھے کے نشان اور دستخط نہ ہونے پر مطمئن تھیں تو موازنہ کراتیں۔فیصلے کے مطابق اداکارہ میرا نے فیملی عدالت میں غیرشادی شدہ ہونے کا دعوی کیا تھا، عتیق الرحمن نے اداکارہ کے طبی ٹیسٹ کرانے کیلئے درخواست بھی دائر کی تھی، اداکارہ میرا نے طبی ٹیسٹ کیلئے دائر درخواست کی سختی سے مخالفت کی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اداکارہ کو میڈیکل ٹیسٹ کیلئے دائر درخواست پر رضامندی ظاہر کرنی چاہیے تھی،

اداکارہ نے نکاح کی تصاویر سے انکار نہیں کیا، بس اتنا کہا کہ تصاویر ڈرامے کے دوران لی گئیں۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ میرا کے نکاح نامہ پر اسکے والد کے دستخط ہیں، مگر جرح کیلئے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ فیملی عدالت نے عین قانون کے مطابق اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کا دعوی خارج کیا، اداکارہ میرا کی فیصلے کیخلاف اپیل میرٹ کے برعکس ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ میرا کے تکذیب نکاح کا دعوی خارج کرنیکی ڈگری جاری کی جائے،فیصلے کے خلاف اپیل خارج ہونے پر اداکارہ کسی معاوضے کی بھی حقدار نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں