آم کے باغبانوں

آم کے باغبانوں کو دوسری فصلات کا شت نہ کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن )آم کے باغبانوں کو باغات میں دوسری فصلات کا شت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پودوں کی خوابیدگی پر برا اثر نہ پڑے نیزخوابیدگی کے دوران آم کے پودوں کو کورے سے بچانے کے لئے بروقت پیشگی اقدامات بھی ضروری ہیں۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ آم کے باغبان عام طورپر آم کے باغات میں دوسری فصلات برسیم،گندم وغیرہ بھی کاشت کرلیتے ہیں جن کو نائٹروجنی کھاد اور آبپاشی کی ضرورت ہوتی ہے مگر یہ عوامل آ م کے پودوں کو نباتاتی نشو ونما کی طرف مائل کرتے ہیں۔ اس طرح کاربوہائیڈریٹس اور نائٹروجن کا تناسب نہیں رہتا جس سے پودوں میں نباتاتی بڑھوتری شروع ہو جاتی ہے اور پودوں میں پھول نکلنے کی بجائے نباتاتی شگوفے بننا شروع ہو جاتے ہیں جو بعض اوقات بے قاعدہ ثمر آوری کابھی باعث بنتے ہیں لہذا آم کے باغبانوں کو چاہیے کہ وہ آم کے باغات میں دوسری فصلات کاشت نہ کریں۔

انہوں نے بتایاکہ اگر سردیوں میں آم کے باغات کوکہر سے نہ بچایاجائے تو پھولوں کے شگوفے والی بڈ کورے سے متاثر ہوتی ہے اور جب آم کے پودوں پر پھول نکلنے کا وقت آتاہے تو پودوں سے پھولوں کے شگوفے نکلنے کی بجائے نباتاتی شگوفے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں جو آم کی فصل کو سنگین نقصان پہنچانے کاموجب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان مزید رہنمائی یامشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں