فردوس عاشق اعوان

آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے جیالے کو متنفر کردیا ہے، فردوس عاشق اعوان

لاہور (عکس آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے جیالے کو متنفر کردیا ہے،ن لیگ کے ساتھ مل کر پنجاب میں حکومت بنانا آصف علی رزداری کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے جیالے کو متنفر کردیا ہے۔ پی پی کے ووٹرز اسی دن تقسیم ہوگئے تھے جب آصف علی زرداری نے نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ بیٹھ کر تیتر بٹیر کھائے تھے۔ پی پی کے ناراض جیالوں نے پی ٹی آئی کا رخ کیا۔

نواز مخالف اور ذوالفقار علی بھٹو کے حامی ووٹرز نے پی ٹی آئی کومضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو ملا کر پنجاب میں حکومت بنانا آصف علی زرداری کا خواب ہے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت رہے گی آصف علی زرداری کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ جہانگیر ترین وضع دار شخص ہیں وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے پی ٹی آئی کا نظریہ کمزور ہو۔ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں