آشوب چشم

آشوب چشم سے بچاؤ و آگاہی کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں ہیلپ لائن قائم

لاہور(زاہد انجم سے)آشوب چشم کی بڑھتی ہوئی وبا سے بچاؤ کے لئے لاہور جنرل ہسپتال نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے باقاعدہ ہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس سے مستفید ہوتے ہوئے شہری گھر بیٹھے ماہرین امراض چشم سے صبح8تادوپہر2بجے تک طبی مشورہ اور رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے بتایا ہے کہ کوئی بھی شہری 042-99268877اور042-99268816پر رابطہ کر سکتا ہے اور آشوب چشم سے متعلق مکمل آگاہی دی جائے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس ہیلپ لائن پرشہریوں کے لئے عید میلاد النبی اور اتوار کی سرکاری تعطیلات کے دوران بھی ڈاکٹرز رہنمائی کے لئے موجود ہوں گے۔

ماہر امراض چشم ڈاکٹر عروج امجد نے شہریوں کو آشوب چشم سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگا ہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور اس کے باوجود آنکھوں کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں جبکہ اپنی ذاتی اشیاء مثلاً تولیہ، رومال، تکیہ وغیرہ دوسروں سے الگ رکھیں۔ ڈاکٹر عروج امجد نے بتایا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کریں کیونکہ اس سے یہ انفیکشن پھیلنے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز سے مشور ے کے بغیر کوئی دوائی یا ڈراپ استعمال نہ کریں، اپنے آنکھوں کو صاف پانی سے چھینٹے مارتے رہیں تاکہ جراثیم آنکھوں میں نہ ٹھہریں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آشوب چشم کا مریض ہجوم والی جگہ پر جانے سے اجتناب برتے تاکہ وبا کو محدود کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن کے اجراء کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھ کر ہی ڈاکٹروں سے رہنمائی حاصل کر نے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کر سکیں اُن کے ساتھ ساتھ دیگر شہری بھی اس وبا سے محفوظ رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں