آئی سی سی

آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن آج سے شروع ہوگا

نئی دہلی(عکس آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 13ویں ایدیشن کا آغاز آج سے بھارت میں ہوگا،مردوں کے ون ڈے کرکٹ فارمیٹ کا عالمی ٹورنامنٹ ہر چار سال کے بعد کھیلا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، جس کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا اور 19 نومبر کو اختتام ہوگا۔

میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔یہ ٹیمیں 2023 کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے عمل کے گزر کر فائنل ہوئی ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اپنی تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے،انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ عالمی چیمپئن نے 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے،یہ پہلا مردوں کا کرکٹ ورلڈ کپ ہوگا جس کی میزبانی صرف بھارت کرے گا،بھارت اس سے قبل برصغیر پاک و ہند کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر 1987، 1996 اور 2011 میں ایونٹ کی میزبانی کر چکا ہے۔ 13ویں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے دس مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے ، جن میں احمد آباد،بنگلور،چنائی،نئی دہلی،دھرم شالا،حیدرآباد،کولکتہ،لکھنئو،ممبئی اور پونے شامل ہیں۔ پہلا اور دوسرا سیمی فائنل بالترتیب ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم اور کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائیگا جبکہ فائنل نریندر مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائیگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 8 ستمبر کو میگا ایونٹ سپروائز کرانے کیلئے نو ممالک کے 16نامور میچ ایمپائرز کا اعلان کیا تھا،ان نو ممالک میں آسٹریلیاکے تین، انگلینڈکے چار،نیوزی لینڈاور جنوبی افریقا سے دو،دو جبکہ پاکستان میزبان بھارت ،بنگلہ دیش،سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سے ایک ایک میچ امپائر شامل ہیں جبکہ پورے میگا ایونٹ کے میچوں میں ریفری کی خدمات بھارت کے جواگل سری ناتھ، نیوزی لینڈ کے جیف کرو، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے رچی رچرڈسن اور زمبابوے کے اینڈی پے کرافٹ سرانجام دیں گے۔

میگا ایونٹ کا پہلا میچ عالمی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان نریندر مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائیگا،آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں