وزیراعظم آزاد کشمیر

کشمیریوں کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفر آ باد (نمائندہ عکس ) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہے، بھارتی وزیر اعظم کے دورہ سرینگر کے موقع پر ریاست کے دونوں اطراف یوم سیاہ منائیں گے، نریندر مودی کشمیر کے دورے اور پیکج کے اعلان سے کشمیریوں کو ٹریپ کرنے کی کوشش کرینگے ، لیکن وہ یہ سن لے کشمیری ہندوستان کی تمام چالوں سے واقف ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ سرینگر کے موقع وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پچھتر سالوں سے جو قربانیاں دے رہے ہیں اسکی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام شہروں میں ہندوستان کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرکے ہندوستان کا اکھنڈ بھارت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان اسٹیبلشمنٹ اور لیڈر شپ کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، ہندوستانی قیادت نے پورے خطے کا امن دا پر لگایا ہوا ہے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہے، آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا ماننا ہے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں