درآمدی بل

حکومت درآمدی بل کم کرنے کیلئے میڈ ان پاکستان ،خریداری پر پکی رسید حاصل کرنے کی مہم شروع کرے ‘ حبیب الرحمان

لاہور(عکس آن لائن)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمان زبیری نے کہاہے کہ حکومت درآمدی بل کم کرنے کیلئے میڈ ان پاکستان اور خریداری پر پکی رسید حاصل کرنے کی آگاہی مہم شروع کرے جس کیلئے مختلف شعبوں کی نامور شخصیات کی خدمات حاصل کی جائیں، حکمران ،سیاستدان ، بیورو کریٹس ، صاحب ثروت شخصیات میدان بھی عملی طور پر میدان آئیں اور عوام کو بتائیں وہ ملک کی معیشت کو پائوںپر کھڑا کرنے کیلئے آئندہ سے پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپنے دفتر میں طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے حالات یہ ہیں کہ آج درآمدی بل کی ادائیگیوںکے لئے ڈالرز نہیں ہیں ،بد قسمتی سے یہاں ایک ایسا طبقہ ہے جو درآمد شدہ منرل واٹر ، شہد ، پھل ،ادویات اور ملبوسات کا استعمال کرتا ہے ،اپنے پالتو جانوروں کی خوراک ، فرنیچر اور کراکری باہر سے منگوائی جاتی ہے اور مٹھی بھر اشرافیہ کی عیاشیوںکی قیمت 22کروڑ عوام ادا کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تجویز ہے کہ حکومت کی سطح پر میڈ ان پاکستان مہم شروع کی جائے ،انتہائی نا گزیر خام مال کے علاوہ لگژری استعمال کی اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے ، اگر کوئی منگوانا چاہتا ہے تو اس کے لئے ڈیوٹیز کی شرح کو جس قدر ممکن ہو سکے بڑھایا جائے ،عوام کو یہ آگاہی دی جائے کہ وہ جہاں سے بھی خریداری کریں پکی رسید ضرور حاصل کریں تاکہ ٹیکس چوری کا خاتمہ ہوسکے ،ایف بی آر اپنی استعداد بڑھائے اور جہاں جہاں پر انوائس مشینیں لگنی ہیں اسے نصب کرنے کی لازمی شرط عائد کی جائے بصورت دیگر اس کاروبار کو سیل کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں