الیکشن کمیشن

توشہ خانہ ریفرنس، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیدیا

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی بینچ نے عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے لئے محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ہیں۔

سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے 3 ہفتے کا وقت مانگ لیا گیا ہے جس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بیرسٹر خالد اسحاق نے تین ہفتے کا وقت دینے کی مخالفت کردی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جو اثاثے ڈیکلیئر کیے گئے ان کا ریکارڈ ہی پیش کرنا ہے ۔

اس حوالے سے بیرسٹر گوہر نے سوال کیا کہ کیا کسی نے آج تک گھڑی، لاکٹ اثاثوں میں ڈیکلیئر کیے ہیں؟ بعدازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں