پاکستان

بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام پر پاکستان کی شدید مذمت

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید تین کشمیری نوجوانوں شہید کردیے گئے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ضلع بارہ مولا میں گزشتہ دو دنوں کے دوران مزید تین کشمیری نوجوانوں کی شہادت ہوئی ہے، 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے اب تک 580 سے زائد بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران جعلی مقابلوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران، ماورائے عدالت ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، بھارت کے غیر قانونی قبضے کی بھیانک حقیقت اور آر ایس ایس سے متاثر ہندوتوا پالیسی پر عمل پیرا، بی جے پی سرکار کے انتہا پسند، مسلم کش عزائم کو اجاگر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا نوجوان طبقے کے عزم سمیم کے باعث بھارتی قابض افواج بے لگام طاقت کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کو محکوم بنانے کے بھارتی عزائم کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق، جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں