پاکستان

بنگلا دیش کیخلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے اگلے مرحلے تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنادیا

ایڈیلیڈ (عکس آن لائن)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے خلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے اگلے مرحلے تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنادیا ہے۔ آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں انڈیا نے چار میں سے تین میچز جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے تین میچز میں پانچ پوائنٹس ہیں،پاکستان ٹیم تین میچز میں دو پوائنٹس ہی حاصل کرسکی ۔پاکستان اپنا اگلا میچ جمعرات کو جنوبی افریقا سے سڈنی میں کھیلے گا اور اگر پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو اس کے چار میچز میں 4 پوائنٹس ہوجائیں گے جبکہ جنوبی افریقا کے پانچ اور انڈیا کے 6 پوائنٹس ہوں گے۔گروپ کے آخری میچز اتوار کو ہوں گے جس میں جنوبی افریقا کی ٹیم نیدرلینڈز، بھارت کی ٹیم زمبابوے اور پاکستان کی ٹیم بنگلا دیش سے مقابلہ کریگی۔اگر ٹیموں کی اسٹرینتھ کو دیکھا جائے تو بھارت اور جنوبی افریقا کے کیلئے آخری میچز آسان ہیں اور اگر کوئی غیر متوقع نتیجہ نہ ہوا تو بھارت کے 8 اور جنوبی افریقا کے 7 پوائنٹس ہوجائیں گے،ایسے میں پاکستان بنگلہ دیش سے جیت بھی گیا تو اگلے راونڈ تک نہیں پہنچ پائے گا کیونکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہی رہے گی،اس صورتحال میں پاکستان کیلئے یہ ضروری ہے کہ بھارت یا جنوبی افریقا کو آخری میچ میں اپ سیٹ شکست ہو مگر اس سے پہلے سب سے ضروری یہ ہے کہ پاکستان اپنے دونوں میچز بھی جیتے۔

پاکستان کیلئے ایک صورتحال یہ بھی نکل سکتی ہے کہ جنوبی افریقا اور نیدرلینڈز کا میچ واش آؤٹ ہوجائے ایسے میں جنوبی افریقا کے پوائنٹس صرف 6 رہیں گے تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ 2.722 اس وقت پاکستان کے 0.765 سے کافی بہتر ہے۔پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ، جنوبی افریقا اور نیدرلینڈز کے میچ کے بعد ہونا ہے جس سے پاکستان کو اپنے نیٹ رن ریٹ کے ہدف کا اندازہ ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارا کو ایڈیلیڈ میں موسم صاف ہی ہے یعنی بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں اور مکمل میچ ہی کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں