اسلام آباد (عکس آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کشکول کے طعنے دینے والوں نے سب سے بڑا کشکول اٹھالیا۔
اپنے بیان میں اسلم غوری نے کہاکہ ملکی معیشت تباہ کرچکے ،ترقی کی شرح منفی میں چلی گئی ،مہنگائی زوروں پر ہے ،مانگ تانگ کر کب تک گذارہ کریں گے ؟۔ انہوںنے کہاکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ ملکی معیشت تباہی کے گڑھے میں گر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں ،نااہل سرکار نے ان دیرینہ تعلقات پر بھی وار کیا۔انہوںنے کہاکہ دوسوارب روپے بیرون ملک سے آنے کی خوشخبریاں سنانے والے اب زکواة ،فطرانہ اور صدقہ اکٹھا کرررہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر اب دنیا بھر سے چندے مانگنے پر لگ گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سابق وزراء اعظم کے بیرونی دوروں پر اعتراض کرنے والے خود مشیروں ،وزراء اور دوستوں کی فوج ظفر موج لے کر گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نالائقوں نے پورے ملک کو خیراتی بنا دیا۔ انہوںنے کہاکہ بیرونی دنیا بھی جان چکی ہے کہ موجودہ وزیر اعظم سلیکٹڈ ہے۔