لاہور ہائیکورٹ

لاہورہائیکورٹ،خواجہ سراں کی نوکریوں کامعاملہ،متعلقہ محکموں سے جواب طلب

لاہور(عکس آن لائن) لاہورہائیکورٹ نے خواجہ سرائوں کو محکمہ پولیس میں کوٹہ کے تحت نوکریاں نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پرچیف سیکرٹری اور سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ سے جواب طلب کرلیا ۔

لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ سرائوں کو محکمہ پولیس میں کوٹہ کے تحت نوکریاں نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس شجاعت علی خان نے عاشی جان کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی آئی جی لیگل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔فاضل جج نے ڈی آئی جی لیگل سے استفسار کیا کہ خواجہ سرائوں کو بھرتی کرنے کے حوالے سے کیا اقدامات کیے۔اس پر ڈی آئی جی لیگل نے بتایا کہ میں یہ درخواست دیکھ لیتا ہوں۔

عدالت نے ڈی آئی جی لیگل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں کیا لینے آئے ہیں،کیا باغ جناح میں سیر کرنے آئے ہوئے ہیں۔عدالت کو ڈی آئی جی لیگل نے بتایا کہ 21 جنوری کو اس درخواست کا جواب عدالت میں جمع کروا چکے ہیں۔عدالت نے چیف سیکرٹری اور سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ سے جواب طلب کرلیا اور استفسار کیا کہ متعلقہ محکمے بتائیں کہ خواجہ سرائوں کی بھرتیوں کے لیے کتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔عدالت میں دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس کے محکمے میں خواجہ سرائوں کو بھرتی نہیں کیا جارہا ہے،پولیس میں خواجہ سرائوں کو بھرتی نا کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں