غیرملکی دورے

9ماہ کے دوران 22 وزراءنے بیرون ملک کے 93 دورے کیے،رپورٹ

اسلام آ باد (عکس آن لائن ) موجودہ حکومت کے پہلے 9 ماہ کے دوران 22 وزیروں نے 93 غیرملکی دورے کیے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو اٹھارہ دورں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے دیگر وزرا نے ساڑھے 8 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے ۔ موجودہ حکومت کے پہلے 9 ماہ میں وزرا اور کابینہ ارکان کے 93 غیرملکی دورے کیے، وزیرخارجہ نے 3،3 بار امریکہ اور متحدہ عرب امارات کی یاترا سمیت 18 غیرملکی دورے کیے لیکن یہ آنیاں جانیاں قومی خزانے کو کتنے میں پڑیں؟

تفصیلات سامنے نہ آسکیں۔ حنا ربانی کھر 11 غیرملکی دوروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جنھوں نے امریکہ، یو اے ای، چین، سعودی عرب،فرانس اور قطر کے دوروں پر ایک کروڑ 26 لاکھ سے زائد خرچ کیے۔ وزیرتجارت نوید قمر اور وزیر پٹرولیم مصدق ملک 7،7 دوروں کے ساتھ برابر رہے لیکن اخراجات کی مد میں نوید قمر مصدق ملک پر بازی لے گئے۔ مصدق ملک کے 7 دوروں پر 82 لاکھ 87 ہزار کے اخراجات آئے جبکہ نوید قمر کے 7 دورے خزانے کو 98 لاکھ 24 ہزار میں پڑے۔

وزیرصحت قادر پٹیل کے امریکہ اور سوئٹزرلینڈ کے صرف دو دوروں پر ہی 77 لاکھ 56 ہزار کے اخراجات آئے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین نے بیرون ممالک کے 5 دوروں پر 77 لاکھ 56 ہزار خرچ کیے۔ شازیہ مری نے 4،فیصل کریم کنڈی نے 2، ساجد طوری نے 3 اور ایاز صادق نے 2 دورے کیے۔ عائشہ غوث پاشا اور احسان مزاری نے 4 جبکہ وزیر مذہبی امور نے 5 ممالک کے دورے کیے۔ وزرا کے دوروں پر مجموعی طور پر ساڑھے 8 کروڑ خرچ آئے۔ وزیرخارجہ کے دوروں کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں