انوارالحق کاکڑ

8 فروری کو آئندہ 5 سال کیلئے حکومت کاانتخاب کریں گے، وزیر اعظم

ڈیووس(عکس آن لائن)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ عوام 8 فروری کو اپناحق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے آئندہ 5 سال کیلئے حکومت کاانتخاب کریں گے، معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے،

اقتصادی اصلاحات ناگزیر ہیں، پاکستان میں کسی کو سیاسی وجوہات پر جیل میں نہیں ڈالا گیا، انتشار پھیلانے اور ہنگاموں میں ملوث عناصر قانون اور عدالتوں کاسامنا کررہے ہیں۔ وہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے موقع پر ”سی این بی سی” کو دیئے گئے انٹرویو میں گفتگو کررہے تھے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کے لئے آئینی تقاضے پورے کر چکا ہے، پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انتخابات کاانعقاد آئینی ذمہ داری ہے جو نگران حکومت خوش اسلوبی سے انجام دے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرناہماری ذمہ داری ہے۔

انتخابات کے نتیجے میں عوام آئندہ 5 سال کے لئے اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی خطوں اور ممالک میں جمہوریت ارتقائی مراحل سے گزر رہی ہے جس میں مختلف قسم کے چیلنجزدرپیش ہوتے ہیں۔ مغربی ممالک میں بھی جمہوریت اپنے اعلیٰ معیارات پر پورا نہیں اترتی۔ پاکستان میں عام انتخابات کاجائزہ لینے کے لئے ملکی اور غیر ملکی میڈیاکے نمائندوں کے علاوہ عالمی مبصرین بھی موجود ہوں گے۔ میڈیاکی آزادی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیاکو مغربی میڈیاسیزیادہ آزادی حاصل ہے۔ مغرب میں میڈیا کے اوپر زیادہ سخت ریگولیشنز ہیں۔

ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے جیل میں ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی آزادی ہے ،کسی سیاسی جماعت کا رہنما اپنی سیاسی رائے یا خیالات کی وجہ سے جیل میں نہیں ہے ، جو لوگ جیل میں ہیں وہ انتشار اور ہنگاموں میں ملوث ہیں ، کسی بھی مستحکم جمہوری ملک میں ہنگامے اور انتشار قابل برداشت نہیں ہوتا۔ قانون اور نظام انصاف اپناراستہ اختیار کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، اقتصادی اعشاریوں کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لئے اصلاحات کاعمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر رہے ہیں۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا ایک مضبوط موقف ہے،پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے،غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی بہت ضروری تھی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان گزشتہ چار پانچ دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے،غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سکیورٹی کے لئے خطرہ تھے،پاکستان میں جو بھی آ ناچاہے وہ قانونی دستاویزات کے ساتھ آ سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی چین کے ساتھ تعلقات کی ایک تاریخ ہے ، عام انتخابات کے بعد پاکستان کے معاشی اور سیاسی استحکام کے نتیجے میں ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں