وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

ہم بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں، وزیر خارجہ

شکارپور(عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں، بلاول بھٹو ساڑھے 3 سال کا حساب مانگنے اسلام آباد آ رہے ہیں، ہم حساب دینے کے پابند ہیں۔ ہمارا دامن صاف ہے، ہم حساب دینے سے نہیں گھبراتے، 3 سال قبل مودی سرکار نے جارحیت کی اور پاکستان کی سرحدوں پر داخل ہو کر حملہ کیا،27 فروری کو عمران خان نے جواب دیا، نریندر مودی آئندہ سوچ کر پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانا، شہر یار خان مہر سندھ کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، تھر کے لوگوں کو ہم نے صحت کارڈ دے دیا ہے۔ اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ حقوق مارچ کے شکارپور پہنچنے کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عارف خان بہار جو دو مرتبہ آپ کی حمایت سے ضلع شکارپور کے ڈسٹریکٹ ناظم منتخب ہوئے جبکہ شہریار خان مہر ممبر صوبائی اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں بڑے باپ کے بڑے بیٹے ہونے کا ثبوت دیا، جب جابر کے سامنے کوئی بولنے کی جرات نہیں کرتا تو شہریار خان مہر سندھ اسمبلی میں تمہارے حقوق کی لڑائی لڑتاہے۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے کہ آج بلاول بھٹو زرداری بھی پنجاب کےلئے نکل رہا ہے، میں سندھ کے عوام سے پوچھنے آیا ہوں کہ 15سال میں پاکستان پیپلزپارٹی نے کیا کیا، ہم سندھ میں صحت کارڈ دینا چاہتے ہیں لیکن یہ لوگ رکاوٹ ہیں جبکہ ہم نے تھر کے لوگوں کو صحت کارڈ دے دیا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے دیوالیہ معیشت کو سہارا دیا اور ملک کو استحکام کی طرف لے کر آئے،یہ بے نظیر بھٹو کی پارٹی نہیں بلکہ زر اور زرداری کی پارٹی ہے، ان کامقابلہ کرنے عمران خان کا قافلہ میدان میں اترا ہے،آج 27فروری ہے ایک پیغام نریندر مودی اور دوسرا بلاول بھٹو کو دینا چاہتا ہوں،آج سے تین سال پہلے نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تھی، بھارتی ایئرفورس کی جانب سے پاکستان کی سرحدوں پر داخل ہو کر حملہ کیا گیا تھا،26فروری کو تم نے حملہ کیا اور 27فروری کو عمران خان نے اس کا جواب دیا،جب مودی نے جارحیت کی تو جاگتی قوم تھی اور خوددار وزیراعظم تھا،ہم نے امن کی خاطر ابھی نندن کو چائے پلا کر رخصت کیا،نریندر مودی کو کہنا چاہتا ہوں کہ آئندہ سوچ کر پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو ساڑھے تین سال کا حساب لینے کراچی سے اسلام آباد آ رہے ہیں وہ ضرور آئیں،

بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ عمران خان سے ساڑھے تین سال کی حکومت کا حساب لوں گا، آپ حساب مانگیں ہم حساب دینگے کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے، ہم حساب دینے سے نہیں گھبراتے،میں آج بلاول بھٹو سے سندھ کی دھرتی پر 15سال کا حساب لینے آیا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے نکلنے سے پہلے سندھ کے لوگ تم سے سوال کرتے ہیں، بلاول بھٹو سندھ کے عوام کے سوال کا جواب دیں کہ سندھ کی حالت کتنی بدلی، سروے کے مطابق بلاول بھٹو کو 95فیصد پنجاب کے لوگوں نے مسترد کیا، کارکنوں نے 126دن دھرنا دے کر بتا دیا کہ مستقبل پاکستان تحریک انصاف کا ہے،تم وفاق نہیں بلکہ مخصوص علاقے کی جماعت بن کر رہ گئے ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں