سعید غنی

ہماری ترجیح ہوگی کہ جو اسکیمیں جاری ہیں انہیں جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے، سعید غنی

کراچی(عکس آن لائن ) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ ، سیکرٹری کالجز ، ڈی جی کالجز سمیت دیگر اعلی حکام شامل ہے۔ اجلاس میں صوبے بھر میں اسکولز و کالجز میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس کے ساتھ صوبے بھر کے اسکولز و کالجز میں گذشتہ مالی سال کی اسکیموں اور موجودہ مالی سال میں رکھی جانے والی اسکیموں پر صوبائی وزیر کو افسران نے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ اس بار ہماری ترجیح ہوگی کہ جو اسکیمیں جاری ہیں انہیں جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے۔ موجودہ مالی سال کی اسکیموں کی پی سی ون کا کام ایک ہفتہ میں مکمل کرکے فوری ان اسکیموں کو بھی شروع کیا جائے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ اس سال ترقیاتی کاموں کے مختص بجٹ کے علاوہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے مزید فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ مزید فنڈز اسی صورت میں ہم لے سکتے ہیں جب مختص شدہ فنڈز کا استعمال کرکے اس کی رپورٹ جمع کروائی جائے گی۔

انہوں نے کہا ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم تمام اضلاع کے اسکولز اور کالجز میں ابتدائی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ جو اسکیمیں گذشتہ مالی سال میں مکمل کی گئی ہیں اور جو اسکیمیں ابھی جاری ہیں اس کی مکمل رپورٹ اضلاع وار بنا کر دی جائیں۔ تمام ترقیاتی کام مقرر کردہ وقت میں مکمل کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں