ہائی کورٹ

ہائی کورٹ کا نواز شریف ،مریم نواز ،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کاتحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد(عکس آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز ،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کاتحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں نیب پراسیکیوٹر کی عدالتی نظیروں کو مدنظر رکھ کر عدالتی معاونت کے لئے مہلت کی استدعا منظورکی گئی ۔

ہفتہ کو اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اختر کیانی نے ایک صفحہ پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت کے حکمنامے کے مطابق کمرہ عدالت میں موجود ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ عدالت کے بلانے پر روسٹرم پر آئے ،عدالت نے نواز شریف کے اشتہاری ہوجانے کے بعد ان کی اپیلوں سے متعلق استفسار کیا ۔حکم نامہ کے مطابق عدالت نے پوچھا کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں اپیلیں کیسے آگے بڑھائی جائیں ،اعظم نذیر تارڑ نے ابتدائی طور پر دو قسم کے دلائل عدالت کے سامنے رکھے ،اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ نوازشریف کی اپیل عدم پیروی پر یا مستر د کردی جائے یا التوا ء میں رکھی جائے ۔

حکم نامے کے مطابق اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مستقبل میں نواز شریف چاہیں تو سرنڈر کرنے کے بعد اپنی اپیل بحال کراسکتے ہیں ،اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی نظیریں پیش کرنے کے لئے عدالت سے کچھ وقت مانگاہے ،ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ نوازشریف کی اپیل مسترد کی جائے ۔

حکم نامے کے مطابق نیب نے دلائل میں کہا کہ نوازشریف کی اپیل میرٹ پر مسترد کی جائے ،نیب پراسیکیوٹر کی عدالتی نظیروں کو مدنظر رکھ کر عدالتی معاونت کے لئے مہلت کی استدعا منظور کرلی گئی ۔عدالت نے نواز شریف ،مریم نواز ،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 9جون تک ملتوی کر دی

اپنا تبصرہ بھیجیں