منظور وسان

گیم اوور ہوچکی‘ شیخ رشید کو مچھ جیل میں دیکھ رہا ہوں‘ منظور وسان کا نیا خواب

کراچی (نمائندہ عکس)اپنے خوابوں کے حوالے سے مشہور مشیر زراعت سندھ منظور وسان کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید کی گیم اوور ہو چکی ہے اور انہیں بلوچستان کی مچھ جیل میں قید ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ایک ویڈیو بیان میں منظور وسان نے کہا کہ شیخ رشید کے 28 مارچ تک ایسے ہی بیانات آئیں گے لیکن شیخ رشید کو شیخ رشید نہیں سمجھا جائے گا۔منظور وسان نے مزید کہا کہ شیخ رشید کو مستقبل میں مچھ جیل میں قید دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید اب بہانہ ڈھونڈ رہا ہے مگر ان کی گیم اوور ہو چکی ہے۔تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ اراکین قومی اسمبلی عمران خان سے نفرت کا اظہار کرکے ان سے الگ ہو رہے ہیں جبکہ عمران خان بائیکاٹ کا بہانہ کر کے فرار ہونا چاہتے ہیں۔تحریک انصاف اور اپوزیشن کے جلسے کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے مشیر زراعت سندھ کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پر نہ پی ٹی آئی اور نہ ہی اپوزیشن جلسہ کر سکے گی، 28 سے پہلے تمام معاملات حل ہو جائیں گے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بہت جلد بائے بائے عمران نیازی کی دھوم مچنے والی ہے، ملک میں قومی حکومت بھی بن سکتی ہے جس میں کوئی حرج نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہا کہ قومی حکومت بنےتو اچھی بات ہے اور آگے چل کر عام انتخابات کروائے، عمران خان اب کسی کو کچل نہیں سکتے کیونکہ اب وہ پہلے جیسے وزیراعظم نہیں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں