سپریم کورٹ

گھی ،کوکنگ آئل قیمتیں اضافہ کیس سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل ،مسابقتی کمیشن اور فریقین سے تحریری گزارشات طلب کرلیں

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے  گھی اور  کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل، مسابقتی کمیشن اور متعلقہ فریقین سے تحریری گزارشات طلب کر تے ہوئے معاملہ کی سماعت مارچ تک ملتوی کر دی ہے

بدھ کو  جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے موقف اپنایا کہ ریگولیٹرز کے اختیارات سے متعلق یہ بڑا اہم کیس ہے، گھی اور  کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ پر مسابقتی کمیشن نے کمپنی مالکان کو نوٹسز جاری کیے،مسابقتی کمیشن کے نوٹس کیخلاف ایک کمپنی رٹ میں چلی گئی، ریگولیٹرز کے فیصلوں کیخلاف مقدمہ بازی سے ریونیوز بھی رک جاتا ہے،استدعا ہے  کہ تمام ریگولیٹری باڈیز کے اختیارات سے متعلق سپریم کورٹ گائیڈ لائین سیٹ کرے جس میں کمپنی مالکان اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ہو،گائیڈ لائین میں ریگولیٹرز اور عدالتی اختیارات کو واضع کیا جائے۔

عدالت عظمی نے  اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کر تے ہوئے کیس کی  سماعت رواں سال  مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت عظمی  نے اٹارنی جنرل سے تحریری گزارشات طلب کر تے مسابقی کمیشن اور متعلقہ فریقین کو بھی گزارشات جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ گھی اور کوکنگ آئل کی  قیمتوں میں اضافے پر مسابقتی کمیشن نے 117 گھی ملز کیخلاف  تحقیقات شروع کیں۔  لاہور ہائیکورٹ نے گھی ملز کیخلاف انکوائری روکنے کا حکم دیا۔ مسابقتی کمیشن نے گھی ملز کی انکوائری کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں