گوشت

گوشت کی مجموعی ملکی برآمدات میں 40 فیصد سے زیادہ برآمدات متحدہ عرب امارات کو کی جاتی ہیں

اسلام آباد (عکس آن لائن) متحدہ عرب امارات پاکستانی گوشت کی بڑی درآمدی منڈی ہے، گوشت کی مجموعی ملکی برآمدات میں 40 فیصد سے زیادہ برآمدات یو اے ای کو کی جاتی ہیں۔

پاکستان سے گوشت درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک سعودی عرب ہے جس کو مجموعی برآمدات کے 20 فیصد کے قریب گوشت برآمد کیا جاتا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات پاکستان سے گوشت کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک ہے۔ سال 2018ء کے دوران گوشت کی مجموعی قومی برآمدات کا 41.89 فیصد حصہ یو اے ای کو برآمد کیا گیا تھا جبکہ سال 2017ء کے دوران گوشت کی 42.49 فیصد برآمدات متحدہ عرب امارات کو کی گئی تھیں۔ اسی طرح پاکستان سے گوشت کی درآمدات کے حوالے سے سعودی عرب دوسرا بڑا ملک ہے جس کو سال 2017ء کے دوران 21.94 فیصد برآمدات کی گئی تھیں جبکہ سال 2018ء میں گوشت کی کل برآمدات میں سعودی عرب کا حصہ 17.88 فیصد رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان سے گوشت درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک کویت ہے جس کو سال 2017ء کے دوران 16.27 فیصد جبکہ سال 2018ء کے دوران 17.74 فیصد برآمدات کی گئی تھیں۔ اسی طرح گوشت کی مجموعی قومی برآمدات میں سال 2017ء کے دوران 6.85 فیصد، سال 2018ء کے دوران 7.70 فیصد حصہ ویتنام کو برآمد کیا گیا۔ مزید برآں سال 2017ء اور 2018ء کے دوران بحرین کو بالترتیب 3.86 اور 5.84 فیصد برآمدات کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں