اعظم نذیر

گورنر پنجاب آئینی مدت مکمل کر چکے ہیں‘ اعظم نذیر

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام حکومت ہے صدارتی نظام نہیں‘پنجاب میں کوئی آئینی بحران نہیں ہے، گورنر کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے‘ گورنر پنجاب آئینی مدت مکمل کر چکے ہیں۔اپنے جاری بیان میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں کوئی آئینی بحران نہیں ہے، گورنر کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں پارلیمانی نظام حکومت ہے صدارتی نظام نہیں، گورنر پنجاب آئینی مدت مکمل کر چکے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ ڈی نوٹیفائی کرنے کا مرحلہ آئینی قانونی طور پر درست کیا گیا، صدر کو چاہیے کہ فوری نئے نامزد گورنر کے نام کی منظوری دیں۔

واضح رہے کہ صدر مملکت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی۔اپنے ایک بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گورنر پنجاب کو صدر پاکستان کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جا سکتا، آئین کے آرٹیکل 101 کی شق 3 کے مطابق “گورنر صدر مملکت کی رضا مندی تک عہدے پر قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ گورنر پر نہ تو بدانتظامی کا کوئی الزام ہے اور نہ ہی کسی عدالت کی طرف سے سزا ہوئی، موجودہ گورنر پنجاب نے نہ ہی آئین کے خلاف کوئی کام کیا، ہٹایا نہیں جا سکتا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے صدر مملکت کا فرض ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 41 کے مطابق پاکستان کے اتحاد کی نمائندگی کرے۔ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ اور وفاداریوں کی تبدیلی کے حوالے سے رپورٹ ارسال کی تھی، مجھے یقین ہے کہ گورنر کو ہٹانا غیر منصفانہ اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں