گندم کی کٹائی

گندم کی کٹائی والی مشینوں سے دھان کی کٹائی کیلئے خصوصی پرزہ جات کے استعمال کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے دانوں کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے گندم کی کٹائی والی مشینوں سے دھان کی کٹائی کیلئے خصوصی پرزہ جات استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار دھان کی کٹائی بذریعہ مشین کرتے وقت تسلی کر لیں کہ مشین کا گیئر، تھریشننگ ڈرم اور پنکھے کی رفتار مشین کے ساتھ فراہم کردہ ہدایت نامہ کے مطابق ہو۔

محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار دھان کی کٹائی اور پھنڈائی مناسب وقت پر شروع کریں کیونکہ دھان کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے مناسب وقت پر کٹائی اور پھنڈائی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹائی کا مناسب وقت وہ ہے جب دانوں میں 20سے 22فیصد تک نمی ہو اور یہ نمی اس وقت ہوتی ہے جب سٹے کے اوپر والے دانے پک چکے ہوں جبکہ نیچے والے دانے ہرے ہوں لیکن بھر چکے ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے کٹوانی ہو تو ایسی کمبائن ہارویسٹر استعمال کی جائے جس میں دھان کی کٹائی کیلئے ایڈجسٹمنٹ ممکن ہو تاکہ دانے کم ٹوٹیں اور اگر ایسا نہ ہو سکے تو کمبائن کی رفتار آہستہ رکھی اور فصل کونسبتاً اونچا کاٹاجائے کیونکہ اس طرح دانے کم ٹوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کٹائی کے بعد فصل کو کھیت میں پڑا نہ رہنے دیں کیونکہ کٹائی اور پھنڈائی کے درمیان جتنا زیادہ وقفہ ہوگا، حاصل کردہ چاول کی ریکوری اتنی ہی کم ہوتی جائے گی۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ رات کے وقت دانوں کو ترپال یا پرالی سے ڈھانپ دیں تاکہ وہ اوس کی نمی سے محفوظ رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں