کیٹ مڈلٹن

کیٹ مڈلٹن طویل عرصے بعد منظرِ عام پرآگئیں

لندن(عکس آن لائن)برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی طویل عرصے کے بعد خوشگوار انداز میں واپسی ہوگئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق کیٹ مڈلٹن کو شہزادہ ولیم کے ساتھ ونڈسر فارم شاپ پر دیکھا گیا جو ان کے گھر ایڈیلیڈ کاٹیج سے تقریبا ایک میل دور ہے۔

کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم ونڈسر فارم شاپ پر جانے سے قبل اپنے بچوں 10 سالہ شہزادہ جارج، 8 سالہ شہزادی شارلٹ، اور 5 سالہ شہزادہ لوئس کی کھیلوں کی سرگرمیاں دیکھنے کے لیے بھی گئے تھے۔رپورٹ میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ کیٹ مڈلٹن، شہزادہ ولیم کے ساتھ ونڈسر فارم شاپ پر شاپنگ کرنے آئی تھیں، اس دوران وہ بہت خوش اور صحت مند لگ رہی تھیں۔

یاد رہے کہ 16 جنوری کو پیٹ کی سرجری ہونے کے بعد کیٹ مڈلٹن دو ماہ سے منظرِ عام سے غائب تھیں جس کی وجہ سے ان کی صحت کے بارے میں پچھلے کچھ عرصے سے میڈیا پر مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں یہاں تک کہ یہ خبر بھی سامنے آئی کہ وہ کوما میں ہیں۔اس دوران برطانیہ میں مدرز ڈے کے موقع پر شاہی محل کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیٹ مڈلٹن کی ان کے بچوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی گئی۔

کیٹ مڈلٹن کی اس تصویر کے بارے میں صارفین نے یہ دعوی کیا کہ یہ تصویر اصلی نہیں بلکہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی ہے اور تمام بڑی فوٹو ایجنسیوں نے بھی اس تصویر کو شائع کرنے سے انکار کر دیا۔کیٹ مڈلٹن نے اپنے دفتر کینسنگٹن پیلس کی جانب سے نشر کی جانے والی تصویر کے سبب عوام میں پیدا ہونے والی الجھن پر معافی مانگی اور اس تصویر کو سرکاری ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں