کپاس کے کاشتکاروں

کپاس کے کاشتکاروں کو سبسڈی کے لیے 15جون تک درخواستیں دینے کی ہدایت

راولپنڈی (عکس آن لائن) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ گلابی سنڈی کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبہ پنجاب میں کپاس پیدا کرنے والے مرکزی و ثانوی علاقہ جات کے ترقی پسند کاشتکاروں کو گوسیپلور (پی بی روپس) پر 1000روپیہ فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

زرعی ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقہ جات ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژنوں کی تحصیلوں میں 50 ایکڑ کی اراضی کے مالک مرد وخواتین کاشتکار اکیلے یا گروپ کی شکل میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ہر درخواست کار کا ریکارڈ تحصیل کی سطح پر متعلقہ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) میں درج ہوگا۔تحصیل، ضلع اور صوبائی سطح کی کمیٹیاں اس پروگرام کی نگرانی کریں گی۔ضلعی کمیٹی مکمل تصدیق کے بعد گوسیپلور (پی بی روپس) کے لیے ضلع کی سطح پر اہل کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی کی فہرست میں شامل کرے گی اور قرعہ اندازی مقررہ تاریخ اور وقت پر کرے گی۔

محکمہ زراعت اور محکمہ مال کے ملازمین اس سکیم میں حصہ لینے کے اہل نہ ہونگے۔کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا مرکزی ادارہ تحقیقات کپاس، ملتان کے دفاتر سے مفت حاصل کریں۔ درخواست فارم مرکزی ادارہ تحقیقات کپاس، ملتان کی ویب سائٹ www.ccri.gov.pkاور www.mnfsr.gov.pkسے بھی ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔

مزید براں درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفترمیں 15 جون2020 تک جمع کروا کر رسید حاصل کریں۔مزید معلومات کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر061-9201277یا061-9201128 پر رابطہ قائم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں