کپاس

کپاس کی آئندہ فصل کو امریکن سنڈی سے بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

قصور(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کپاس کی آئندہ فصل کو امریکن سنڈی کے نقصانات سے بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ امریکن سنڈی کپاس کونقصان پہنچانے کے بعد درجہ حرات کم ہونے پر زمین میں سرنگ بناکر سرمائی نیندسوجاتی ہے اور درجہ حرارت بڑھنے پر اس کے پیوپے پروانے بن کر نکل آتے ہیں اور اردگردکی فصلوں پر انڈے دیکر تعداد میں بڑھنا شروع کردیتے ہیں

اس لئے کپاس کے ایسے کھیتوں میں جہاں گندم یا کوئی اور فصل کاشت نہ کی گئی ہو وہاں کاشتکار کپاس کی چھڑیاں کاٹ کر کھیت میں ہل ضرور چلائیں کیونکہ ہل چلانے سے زمین کے اندر موجودامریکن سنڈی کے پیوپے درجہ حرارت بڑھنے سے پہلے تلف ہوجائیں گے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ ہل چلانے کے لئے زمین کا وتر ہوناضرو ری نہیں کیونکہ خشک زمین میں بھی ہل چلایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے کھیتوں میں ہل نہ چلایاگیا تو آئندہ موسم میں امریکن سنڈی کا حملہ بڑھ جائے گا جس سے کپاس کی آنے والی فصل کو شدید نقصان پہنچ سکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں