جنرل ہسپتال

کورونا وبا سے پیدا شدہ خوف و نفسیاتی مسائل کے حل کیلئے جنرل ہسپتال میں کونسلنگ سینٹر قائم

لاہور(عکس آن لائن) کورونا وائرس کی وبا سے عوام میں پایا جانے والا حد سے زیادہ خوف اور تشویش اور اُس کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے نفسیاتی مسائل کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں سائیکو پیتھک کونسلنگ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو اس مسئلے سے نجات دلائی جا سکے ۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا اور اُس سے جڑی تمام خبریں انسانی نفسیات پر بہت گہرے منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں جس کے نتیجہ میں عام لوگوں کے مزاج میں چڑ چڑا پن ، نیند کے مسائل،غصہ ، تلخی اور ڈپریشن بھی بڑھ رہا ہے جو جسمانی بیماریوں میں اضافے کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص بلڈ پریشر ، امراض قلب ، ذیابیطس ، ہیپاٹائٹس، سانس کی بیماریاں اور کینسر کے مریض زیادہ رسک پر ہیں۔ انہیں ادویات ، غذا کا خاص خیال رکھنا چاہئیے تاہم وائرس کی روک تھام اور خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ترجیحی بنیادوں پراقدامات کیے جائیں ۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ لوگوں میں امید اور ہمت پیدا کرنے کیلئے ان کے نفسیاتی مسائل پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ لو گ پوری استقامت اور ہمت کے ساتھ اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنے کے علاوہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے صورتحال کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں 042-99266819اور042-99268837پر 24گھنٹے ڈاکٹرز دستیاب ہوں گے جو شہریوں کو کورونا وائرس اور دیگر بیماریوں سے متعلق رہنمائی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ڈاکٹروں سے طبی مشورے لے کروائرس سے محفوظ رہیں اور صحت مندزندگی گزاریں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ادارے کے تمام وسائل مریضوں کی فلاح و بہبود پر صرف کیے جا رہے ہیں اور پی جی ایم آئی ،امیر الدین میڈیکل کالج اورلاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ 24گھنٹے اس وبا کے خاتمے تک فرض شناسی کے ساتھ الرٹ رہے گی۔شہری بغیر کسی ہچکچاہٹ کے معالجین سے طبی مشورے لیکر صحت مند زندگی گزاریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں