سعید الحسن شاہ

کورونا وائرس سے عوام کے تحفظ کیلئے پنجاب بھرکی انتظامیہ ایک پیج پر ہیں’سعید الحسن شاہ

لاہور(عکس آن لائن )صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے بیرون ممالک سے آنے والے افراد کی ٹریکنگ کیلئے ڈیٹا اور ٹریسنگ، ٹریکنگ اور ٹریٹمنٹ کیلئے نمبرداروں کی خدمات حاصل کر لی ہیں، کورونا وائرس سے عوام کے تحفظ کیلئے پنجاب بھرکی انتظامیہ، پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر ادارے ایک پیج پر ہیں۔

کرونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ باہمی تعاون کو فروغ دے کر ہی کورونا وائرس جیسی ایمرجنسی سے نمٹا جا سکتا ہے۔ آرمی اور رینجرز کی کمپنیاں تمام اضلاع میں پہنچ گئی ہیں اور تمام سول اور فوجی ادارے مشترکہپر طور کام کر رہے ہیں۔ضلع بھر میں دفعہ 144 پرسختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں اشیاء ضروریہ کی ترسیل کیلئے گڈز ٹرانسپورٹ کی بلار کاوٹ نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے۔

ضلع اور تحصیل میں عدالتوں میںسینیٹائزر اورہاتھ دھونے کیلئے صابن، ماسک اور دستانوں کی دستیابی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدا یت کی کہ ناکوں پر موجود عملہ ملازمین بالخصوص میڈیا کے نمائندگان کو ضروری جانچ پڑتال کے بعد فرائض کی انجام دہی کیلئے جانے دے اور کسی کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے کونٹی جینسی پلان کی منظوری دے کر فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے صوبہ بھر میں آٹھ لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی ہے۔ جن کو جلد اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مستحق خاندان کے کفیل کے قرنطینہ میں ہونے کی صورت میں اہلخانہ کو فوڈ ہیمپرز فراہم کئے جائیں اور اس سلسلے میں مخیر حضرات کی مدد بھی لی جائے۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وائر س کیخلاف جنگ میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور سول افسران کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو پرسنل پروٹیکشن ایکویپمنٹ بھی ملنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کو رونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھرمیں دفعہ 144 کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے اور اشیاء صرف وضروریہ مہنگے داموں بیچنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں