لاہور جنرل ہسپتال

کورونا وائرس: جنرل ہسپتال میں آن لائن ہیلتھ سروسز کا آغاز ،ہیلپ لائن متعارف

لاہور (عکس آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ کورونا وائرس کی روک تھام اور شہریوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لئے لاہور جنرل ہسپتال کی طرف سے آن لائن ہیلتھ سروسز کا آغاز کرتے ہوئے ہیلپ لائن متعارف کرا دی گئی ہے اور اب شہری گھر بیٹھے سکائپ پر”LGH CORONA HELPLINE” پر رابطہ کر کے کورونا وائرس کے بارے میں ضروری احتیاطی تدابیر ، علامات اورعلاج سے متعلق ڈاکٹروں سے آن لائن ہیلتھ ایڈوائزری لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو لنک سروس فراہم کرنے کا مقصد شہریوں کی نقل و حمل کو محدود کرنا اور کوروناوائرس سے پھیلنے سے روکنا ہے اور اس ہیلتھ لائن کے ذریعے متاثرہ افراد اور مشتبہ مریض گھر بیٹھ کر علاج معالجے کی سہولیات حاصل کر سکیں گے اور ہسپتالوں پر ورک لوڈ بھی کم ہوگا ۔ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا کہ ایل جی ایچ میں میگا فون کے ذریعے بھی شہریوں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے لوگوں کی مدد کی جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمیں انٹر نیٹ ، سکائپ اور تمام جدید سہولتوں کو برؤئے کار لانا ہے ،کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اس کا مقابلہ کرنے کے سلوگن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کاوشوں میں حصے دار بنے اور اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے آگے آئے۔پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایم ایس نے یقین دلایا کہ جنرل ہسپتال میں کرونا کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کی دی گئی گائیڈ لائنز پر مکمل عمل ہو رہا ہے اور انشاء اللہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری ہسپتال میں قائم ہیلپ لائن فون نمبر 042-99268808-9پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ ان کی رہنمائی کیلئے ڈاکٹرز ہمہ وقت دستیاب ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں